5 اپریل 2016 - 08:51
صوبہ نینوا میں 'عراقی فوج کی کارروائیاں'، دسیوں داعشی دہشتگرد ہلاک

عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ نینوا اور کرکوک میں داعش کے ساتھ جھڑپوں میں اکہتر دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنگ عراق کے شعبہ اطلاعات نے کہا ہے کہ صوبہ نینوا کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لیے کی جانے والی کارروائی میں تیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ان کا بہت سا جنگی سازوسامان بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح نینوا کے جنوب میں النصر گاؤں پر عراقی فوج کے حملے میں گیارہ داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

دوسری جانب عراق کے شمالی صوبے کرکوک میں داعش کے خودکش بمبار کی خودکش جیکٹ فنی خرابی کی وجہ سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں اس گروہ کے کئی سرغنوں سمیت تیس دہشت گرد ہلاک جبکہ پندرہ زخمی ہو گئے۔

عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق داعش کا سیکورٹی انچارج ابو معاذ صوبہ الانبار کے علاقے المعامل کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے آپریشن میں ہلاک ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے جون دو ہزار چودہ سے عراق کے کئی شمالی اور مغربی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے جس کے دوران انھوں نے بہت سے غیرانسانی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169